دنیا کے تیزی سے بدلتے ہوئے حالات میں جہاں عسکری طاقت کے ساتھ ساتھ سفارت کاری بھی اہمیت اختیار کرچکی ہے، وہاں پاکستان کی عسکری قیادت نے نہ صرف میدانِ جنگ میں شاندار کامیابی حاصل کی بلکہ عالمی سفارت کاری میں بھی اپنی بصیرت اور حکمتِ عملی کے ذریعے پاکستان کا وقار بلند کیا۔ معرکہ حق میں تاریخی فتح کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی نے پاکستان کیلئے عالمی سطح پر ایک نئے دور کا آغاز کردیا ہے۔
پاکستان کی تاریخی کامیابی نے یہ ثابت کردیا کہ دفاعی طاقت کے ساتھ ساتھ دانشمندانہ قیادت بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس کامیابی کے بعد بھارت جہاں عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوا، وہیں پاکستان کے سفارتی تعلقات میں وسعت آئی۔ خطے میں طاقت کا توازن اب یکسر بدلتا دکھائی دیتا ہے اور عالمی برادری پاکستان کو ایک اہم اور ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھنے لگی ہے۔
آج ایک بار پھر پاکستان ایک ایسے ہی نکتے پر کھڑا ہے جہاں سے آگے بڑھنے کے لیے استحکام، اتحاد اور وژن ناگزیر ہے۔ یہ وہ مرحلہ ہے جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت نہ صرف امید کی کرن ہے بلکہ ایک عملی حقیقت بھی بن چکی ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے جس تیزی اور اعتماد کے ساتھ داخلی و خارجی سطح پر اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے وہ قابلِ تحسین اور تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان ایک نئے تاریخی موڑ پر موجود ہے جہاں قیادت، وژن اور عملی اقدامات نے دنیا کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نہ صرف داخلی سطح پر استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے بلکہ عالمی محاذ پر بھی اپنی ایک منفرد پہچان قائم کر رہا ہے۔ ان کی حکمتِ عملی، سفارتی بصیرت اور امن کے لیے غیر متزلزل عزم نے پاکستان کو وہ مقام دلایا ہے جو برسوں سے ایک خواب محسوس ہوتا تھا۔
عالمی سطح پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خارجہ پالیسی توازن، باہمی احترام اور عملی تعاون کے اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کے اہم ممالک، چین، ترکی اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت دی، جبکہ مغربی دنیا کے ساتھ تعلقات کو حقیقت پسندانہ بنیادوں پر استوار کیا۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے بین الاقوامی کانفرنسوں اور اعلیٰ سطحی مذاکرات میں اپنی بات نہایت وقار، اعتماد اور مضبوط دلائل کے ساتھ پیش کی۔ یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کی آواز عالمی فورمز پر توجہ اور سنجیدگی سے سنی جا رہی ہے۔
پاکستان کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کا اعتراف صرف دوست ممالک تک محدود نہیں رہا بلکہ غیر جانب دار عالمی میڈیا نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا۔ امریکی جریدے واشنگٹن ٹائمز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو "مردِ آہن” قرار دے کر ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ دوسری جانب چین کی وزارتِ خارجہ نے پاکستانی فوج کو قومی استحکام کا ستون اور پاک چین دوستی کا مضبوط محافظ قرار دیا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی عسکری قیادت نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک معتبر مقام رکھتی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملٹری ڈپلومیسی کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ انہوں نے عالمی طاقتوں کے ساتھ متوازن تعلقات کو فروغ دیا۔ امریکا، چین، سعودی عرب، ایران اور ترکیہ جیسے ممالک کے سربراہان سے ملاقاتوں نے پاکستان کے موقف کو مضبوط کیا۔ یہ ملاقاتیں اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان کسی ایک بلاک پر انحصار کرنے کے بجائے ایک متوازن اور خود مختار خارجہ پالیسی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ یہ ملک صرف ایک ایٹمی طاقت نہیں بلکہ ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست بھی ہے۔ خطے میں امن، استحکام اور تعاون کیلئے پاکستان کا کردار مزید بڑھ گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب عالمی برادری پاکستان کو نظر انداز کرنے کے بجائے اس کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی خواہاں ہے۔
بھارت جو ہمیشہ پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر پروپیگنڈہ کرتا رہا، اب معرکہ حق کی شکست کے بعد سفارتی سطح پر بھی تنہائی کا شکار ہے۔ اس کے برعکس پاکستان کے دوستوں میں اضافہ ہوا ہے اور دنیا نے یہ تسلیم کرلیا ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع میں مضبوط ہے بلکہ سفارتی محاذ پر بھی ایک متوازن اور حقیقت پسندانہ رویہ رکھتا ہے۔
حالیہ برسوں میں پاکستان کو مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر جو پذیرائی ملی، وہ غیر معمولی ہے۔ عالمی رہنماو ¿ں نے نہ صرف پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا بلکہ خطے میں استحکام کے لیے اس کے کردار کو بھی تسلیم کیا۔ یہ سفارتی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ قیادت کا وژن درست سمت میں گامزن ہے۔ دفاعی شعبے میں جدید اصلاحات، بین الاقوامی عسکری مشقوں میں شمولیت، اور انسانی ہمدردی پر مبنی پالیسیوں نے پاکستان کی ساکھ کو مزید مستحکم کیا۔ پاکستان آج ایک نئے دور کے آغاز پر کھڑا ہے۔ معیشت کی بحالی، ٹیکنالوجی میں ترقی، نوجوانوں کی صلاحیتوں کا فروغ اور خطے میں امن کے قیام جیسے اہداف پر فوکس، اس نئے دور کے بنیادی ستون ہیں۔ ملکی سطح پر سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنایا گیا، قانون کی بالادستی کو ترجیح دی گئی، اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی واضح پالیسی یہ ہے کہ عوام کی خوشحالی اور ریاست کا وقار ایک دوسرے کے بغیر ممکن نہیں۔ یہی سوچ عوامی اعتماد کو بحال کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا وژن یہ ہے کہ پاکستان ایک خود مختار، باوقار اور ترقی یافتہ ملک بنے جو نہ صرف اپنے عوام کے لیے فخر کا باعث ہو بلکہ دنیا کے لیے بھی ایک مثبت مثال بنے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت پاکستان کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب قوم کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہے، اپنے وسائل کا بہترین استعمال کرنا ہے اور عالمی برادری میں اپنی پہچان کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ آج دنیا پاکستان کو ایک پر اعتماد، مستحکم اور ترقی کی جانب بڑھتے ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے اور یہ سب ایک ایسی قیادت کی بدولت ممکن ہوا ہے جو وژن، عزم اور عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے یہ ثابت کردیا کہ کامیاب سفارت کاری اور طاقتور دفاع کا امتزاج ایک ملک کو عالمی برادری میں باوقار بناتا ہے۔ آج پاکستان نئے دور کی دہلیز پر کھڑا ہے جہاں ملٹری ڈپلومیسی کی کامیابیاں اسے عالمی افق پر مزید نمایاں کریں گی۔ معرکہ حق کی تاریخی فتح صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ ایک نئے سفارتی باب کا آغاز ہے، جس کے اثرات آنے والے برسوں تک دنیا دیکھے گی۔