پاکستان نے نوجوان بلے باز حسن نواز کی دھواں دار سنچری کی بدولت تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 205 رنز کا مشکل ہدف قومی ٹیم نے صرف 16 اوورز میں حاصل کر لیا، جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے بھی شاندار نصف سنچری اسکور کی۔
آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں ہی کارگر ثابت ہوا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں حارث رؤف کے شاندار کیچ کی مدد سے نیوزی لینڈ کو ابتدائی دھچکا دیا، جب پہلی وکٹ محض 3 رنز پر گر گئی۔
میزبان ٹیم نے دوسرے وکٹ کی شراکت میں جارحانہ انداز اپنایا اور 40 رنز جوڑے، مگر ٹم سیفرٹ 19 رنز بنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ڈیرل مچل 17 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر حارث رؤف کو کیچ دے بیٹھے۔
مارک چیپمین نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر 94 رنز جڑ دیے، جس میں 4 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، لیکن نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر شاہین آفریدی کی گیند پر شاداب خان کو کیچ دے بیٹھے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کا اختتام 19.5 اوورز میں 204 رنز پر ہوا۔ مچل بریسویل 31، جیمز نیشم 3 اور کیل جیمیسن 0 پر آؤٹ ہوئے، جبکہ حارث رؤف اور عباس آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
205 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز زبردست انداز میں ہوا۔ نوجوان اوپنر حسن نواز نے کیوی باؤلرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 45 گیندوں پر دھواں دار 105 رنز بنا ڈالے، جس میں 7 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
دوسری جانب کپتان سلمان علی آغا نے بھی شاندار بیٹنگ کی اور 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد حارث 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے یہ ہدف صرف 16 اوورز میں حاصل کر کے نیوزی لینڈ کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔
اس اہم میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں، محمد علی اور جہانداد خان کی جگہ ابرار احمد اور عباس آفریدی کو موقع دیا گیا۔
محمد حارث، حسن نواز، کپتان سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، شاداب خان، عبدالصمد، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمداور حارث رووف بھی ٹیم میں شامل تھے۔
واضح رہے کہ، ابتدائی دو میچز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو یکطرفہ شکست دی تھی، پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 9 وکٹوں اور دوسرے میچ میں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، مگر تیسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے زبردست فتح سمیٹی۔