پاکستان اور سعودی عرب؛ دوستی کا نیا سنگِ میل

عالمی منظرنامے پر دوستیاں اور اتحاد روز بدلتے ہیں، مگر کچھ تعلقات ایسے ہوتے ہیں جو وقت کی دھول سے مزید نکھر جاتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ ایسا ہی ہے۔ مذہب اور ثقافت کے رشتے سے جڑے یہ دو ممالک اب عملی تعاون، معاشی ترقی اور دفاعی اشتراک کے نئے باب میں داخل ہو گئے ہیں۔

تازہ ترین پیش رفت ایک تاریخی معاہدہ ریاض میں 17 ستمبر 2025 کو دستخط ہونے والا اسٹریٹیجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ اس دوستی کو ایک نئے درجے پر لے آیا ہے۔ یہ معاہدہ اس اصول پر کھڑا ہے کہ ایک پر حملہ، سب پر حملہ تصور ہوگا۔ دفاعی میدان میں یہ عہد خطے کے بدلتے توازن میں پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ طاقت کا اعلان ہے۔

اہم منصوبے اور خبریں:

دفاعی تعاون میں گہرا اشتراک جدید ہتھیار، فوجی مشقیں اور تربیت کے نئے پروگرام۔
معاشی منصوبے گوادر آئل ریفائنری، ریکوڈک سونے اور تانبے کا منصوبہ، موہنڈ ڈیم اور آزاد کشمیر کے ہائیڈرو پاور پروجیکٹس میں اربوں ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری۔
توانائی اور ٹیکنالوجی سعودی کمپنیوں کے ساتھ 2800 میگاواٹ کے سولر پروجیکٹس، نوجوان انجینیئرز کیلئے روزگار کے مواقع۔
علاقائی ردِعمل بھارت سمیت خطے کے ممالک اس پیش رفت کو غور سے دیکھ رہے ہیں، پاکستان کی ساکھ اور کردار میں نیا وزن آ گیا ہے۔

امکانات اور امیدیں:

یہ معاہدہ پاکستان کیلئے کئی نئے در وا کر رہا ہے
سلامتی کا ایک مضبوط حصار
جدید ٹیکنالوجی اور تربیت کے ذریعے عسکری طاقت میں اضافہ۔
عالمی سطح پر ایک نئے اور زیادہ فعال کردار کا امکان۔

لیکن بڑے عہد بڑے امتحان بھی لاتے ہیں۔ اگر یہ معاہدہ صرف بیانات تک محدود رہا تو عوامی توقعات مایوسی میں بدل سکتی ہیں۔ اس لیے عملی اقدامات، واضح منصوبہ بندی اور ذمہ دارانہ سفارتکاری لازمی ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کا یہ اشتراک محض دوستی نہیں، بلکہ مشترکہ مستقبل کی حکمتِ عملی ہے۔

یہ معاہدہ ثابت کرتا ہے کہ دونوں ممالک نہ صرف جذبات سے بندھے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے لئے عملی سہارا بننے کو تیار ہیں۔ اب وقت ہے کہ اس خواب کو حقیقت بنانے کیلئے دونوں ملک ہر سطح پر حرکت میں آئیں، تاکہ یہ تعلق صرف صفحاتِ اخبار میں نہ رہے بلکہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی اور سلامتی کا پیغام بن جائے۔

اختتام میں یہ دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور سعودی عرب کے اس رشتے کو استقامت، برکت اور حقیقی فائدہ عطا فرمائے، اور اس تعاون کو امتِ مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔ آمین

Author

اپنا تبصرہ لکھیں