ہیوی ویٹ چیمپئن اولیکسینڈر یوسک کا عالمی ٹائٹل بیلٹس چھوڑنے کا اعلان

یوکرین کے ناقابلِ شکست ہیوی ویٹ باکسر اولیکسینڈر یوسک نے اپنی تین عالمی ٹائٹل بیلٹس چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ ابھی باکسنگ سے ریٹائر نہیں ہو رہے۔

39 سالہ یوسک کے پاس ڈبلیو بی اے، ڈبلیو بی سی اور آئی بی ایف ہیوی ویٹ ٹائٹل بیلٹس موجود تھیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وہ یہ بیلٹس چھوڑ رہے ہیں تاکہ لائن میں موجود دوسرے باکسرز اِن کے لیے مقابلہ کر سکیں۔

یوسک نے کہا کہ وہ بیلٹس چھوڑ رہے ہیں، لیکن کھیل نہیں چھوڑ رہے، کیونکہ ان کا “آخری ڈانس” ابھی باقی ہے۔

یوکرینی باکسر اپنے پروفیشنل کیریئر میں اب تک ناقابلِ شکست ہیں۔ انہوں نے 25 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی، جن میں 16 ناک آؤٹ شامل ہیں۔یوسک کو کروزر ویٹ اور ہیوی ویٹ دونوں ڈویژنز میں اَن ڈسپیوٹڈ عالمی چیمپئن رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں ٹائسن فیوری، انتھونی جوشوا اور ڈینیئل ڈوبوا جیسے بڑے برطانوی باکسرز کو شکست دی۔ یوسک نے 2021 میں جوشوا کو شکست دے کر ڈبلیو بی اے، ڈبلیو بی او اور آئی بی ایف بیلٹس جیتیں، جبکہ 2024 میں ٹائسن فیوری کو ہرا کر ڈبلیو بی سی ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

یوسک کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب وہ حال ہی میں کِک باکسر ریکو ورہوون کے خلاف ایک مشکل مقابلے میں متنازع اسٹاپیج کے ذریعے کامیاب ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق یوسک کی جانب سے بیلٹس چھوڑنے کے بعد ہیوی ویٹ ڈویژن میں نئے ٹائٹل مقابلوں کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

یوسک نے اپنے بیان میں باکسنگ تنظیموں، مداحوں اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ابھی مزید کچھ باقی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں