نیویارک ٹائمر کے مطابق امریکہ کے سابق صدر بارک اوباما نے نیویارک سٹی کے میئر کے امیدوار ظہران ممدانی کو ہفتے کے روز فون کر کے ان کی انتخابی مہم کی تعریف کی اور پیشکش کی کہ اگر وہ جیت جاتے ہیں تو وہ ان کے لیے مشورے دینے والے رہنما کے طور پر دستیاب رہیں گے۔ یہ تقریباً تیس منٹ کی نجی گفتگو تھی جس کے بارے میں دو ایسے افراد نے بتایا جو اس میں شریک تھے یا فوری طور پر بریف کیے گئے تھے۔
نیو یارک ٹائمرز نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ اوباما منگل کے روز ہونے والے انتخابات سے آگے بھی ممدانی کی کامیابی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے ایک نئی انتظامیہ کے قیام اور قابل برداشت قیمتوں کے ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے درکار نظام پر بات کی۔ اوباما نے ممدانی کی مہم کو دیکھنے کے لائق اور متاثر کن قرار دیا اور اپنی سیاسی غلطیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ممدانی نے کم تجربہ ہونے کے باوجود بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔
اگرچہ اوباما نے باضابطہ طور پر ممدانی کی حمایت کا اعلان نہیں کیا، تاہم یہ ان کا ممدانی کو دوسرا فون ہے، جو پارٹی کے اندر ان کی حمایت کا واضح اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔ ممدانی کی ترجمان نے کہا کہ امیدوار نے سابق صدر کے حوصلہ افزا الفاظ کو سراہا اور شہر میں نئی طرز کی سیاست لانے پر گفتگو کی