پاکستان کے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان میں ہونے والے ڈیفنس ٹیکنالوجی میلے (آئیڈیاز ) میں مختلف ممالک کی بحری افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں کی۔ایڈمرل نوید اشرف نے آذربائیجان، امریکہ ، اور تنزانیہ کی بحری افواج کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔
امریکی وائس ایڈمرل سے ملاقات
امریکی وائس ایڈمرل جی ایم ویکوف پاکستان میں ہونے والے بین الاقوامی ڈیفنس ٹیکنالوجی میلے (آئیڈیاز)2024 ، میں تشریف لائے، امریکی وائس ایڈمرل نے میلے میں نمائش کے لیے موجود پاکستان کے دفاعی ساز و سامان کا جائزہ لیا اور پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان بحری دفاعی تعاون کو بڑھانے اور باہمی مفادات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی وائس ایڈمرل جی ایم ویکوف نے پاکستان کو شاندار دفاعی ساز و سامان کی نمائش کے انعقاد پر مبارکباد دی اور پاکستان کی بحری افواج کی شاندار صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان دُنیا بھر میں میری ٹائم کو درپیش مسائل اور علاقائی امن و استحکام قائم رکھنے جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آذربائیجان بحریہ کے کپتان سے ملاقات
آذربائیجان بحریہ کے فرسٹ رینک کپتان کیپٹن تیمور مرشدوف نے پاکستان میں ہونے والے آئیڈیاز میلے میں شرکت کی اور دفاعی ساز و سامان کا جائزہ لیا۔ آذربائیجان بحریہ کے فرسٹ رینک کپتان نے پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون کو بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان میری ٹائم سیکیورٹی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

تنزانیہ کے رئیر ایڈمرل سے ملاقات
پاکستان بحریہ کے سربراہ، ایڈمرل نوید اشرف نے تنزانیہ بحریہ کے رئیر ایڈمرل رمضان حسن سے آئیڈیاز میلے کے دوران ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔