فرانس کے کپتان کائلین ایمباپے نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کئی بڑے ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔ ایمباپے نے مراکش کے خلاف کوارٹر فائنل میں گول کر کے فرانس کو 2-0 سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد فرانس سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
ایمباپے نے میچ کے آغاز میں پینلٹی ضائع کی، لیکن دوسرے ہاف میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی اور ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کیا۔
ایمباپے ورلڈ کپ 2026 کے پہلے ہی میچ میں فرانس کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے تھے۔ انہوں نے سینیگال کے خلاف گول کر کے اولیویئر جیرو کا ریکارڈ توڑا۔ ایمباپے اب فرانس کے لیے 64 گول کر چکے ہیں، جبکہ جیرو کے گولز کی تعداد 57 ہے۔ فرانس کے سابق اسٹار تھیری آنری 51 گولز کے ساتھ تیسرے اور انتوآن گریزمان 44 گولز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
ایمباپے فرانس کی جانب سے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن چکے ہیں۔ سینیگال کے خلاف ان کا گول ورلڈ کپ میں ان کا 14واں گول تھا، جس کے بعد انہوں نے جسٹ فونٹین کا 13 گولز کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے بعد ایمباپے مزید 6 گول کر چکے ہیں اور اب ورلڈ کپ میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔
مراکش کے خلاف گول کے بعد ایمباپے ورلڈ کپ میں نان پینلٹی گولز کے معاملے میں لیونل میسی کے برابر آ گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے ورلڈ کپ میں نان پینلٹی گولز کی تعداد 17 ہے۔
ایمباپے کے مجموعی ورلڈ کپ گولز اب 20 ہو چکے ہیں اور وہ آل ٹائم فہرست میں لیونل میسی سے صرف ایک گول پیچھے ہیں۔
ایمباپے نے ورلڈ کپ ناک آؤٹ میچز میں بھی نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔ سویڈن کے خلاف گول کے بعد وہ ورلڈ کپ ناک آؤٹ میچز کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے تھے۔ انہوں نے سویڈن کے خلاف ایک اور گول کیا، پھر پیراگوئے اور مراکش کے خلاف بھی گول کر کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنے گولز کی تعداد 12 تک پہنچا دی۔
اس طرح ایمباپے نے لیونیداس اور رونالڈو جیسے برازیلی عظیم کھلاڑیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
مراکش کے خلاف عثمان ڈیمبیلے کے گول میں کردار ادا کرتے ہوئے ایمباپے نے ایک اور منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ ایمباپے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے دو مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں 10 یا اس سے زیادہ براہِ راست گول کنٹری بیوشنز ریکارڈ کیں۔
انہوں نے قطر ورلڈ کپ 2022 میں 8 گولز اور 2 اسسٹ کیے تھے، جبکہ ورلڈ کپ 2026 میں وہ اس سے بھی بہتر اعداد تک پہنچ چکے ہیں۔ یہ ریکارڈ 1966 کے بعد سے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پہلی بار کسی کھلاڑی نے بنایا ہے۔
ایمباپے نے فرانس کے لیے ورلڈ کپ فائنلز میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔ وہ اب سابق فرانسیسی کپتان ہیوگو لوریس کے ساتھ 20 ورلڈ کپ میچز کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں۔ ایمباپے یہ سنگِ میل عبور کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
اگر ایمباپے سیمی فائنل میں کھیلتے ہیں تو وہ فرانس کے لیے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیں گے۔