بالی ووڈ کے معروف ایکشن اداکار ودیوت جموال اپنی پہلی ہالی ووڈ فلم اسٹریٹ فائٹر کی ریلیز سے قبل ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ کام کرنے والے امریکی ریسلر کوڈی روڈز اور کامیڈین اینڈریو شولز نے ان کی مارشل آرٹس کی مہارت، جسمانی فٹنس اور شخصیت کی کھل کر تعریف کی ہے۔ اینڈریو شولز نے ودیوت جموال کو ’’بھارت کا جیکی چن‘‘ قرار دیا ہے۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی 9 اکتوبر کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، ودیوت جموال مشہور ویڈیو گیم پر مبنی ہالی ووڈ فلم اسٹریٹ فائٹر میں ’’دھالسیم‘‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ کردار یوگا اور مارشل آرٹس میں مہارت رکھنے والے ایک جنگجو کا ہے، جسے اسٹریٹ فائٹر کی دنیا میں واحد بھارتی کردار کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
یوٹیوب پوڈکاسٹ فلیگرنٹ میں گفتگو کے دوران کوڈی روڈز اور اینڈریو شولز نے ودیوت جموال کی ایک ویڈیو دیکھی، جس میں وہ ممبئی میں ایک تشہیری تقریب کے دوران تقریباً 15 منٹ تک مراقبے کی حالت میں دکھائی دیتے ہیں۔ کوڈی روڈز نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ودیوت ایک غیر معمولی شخصیت ہیں، جبکہ اینڈریو شولز نے انہیں ایک دل چسپ، پُرکشش اور انتہائی فٹ اداکار قرار دیا۔
گفتگو کے دوران کوڈی روڈز نے بتایا کہ ودیوت جموال سبزیوں پر مشتمل غذا استعمال کرتے ہیں اور جسمانی صحت سے متعلق ان کے اپنے نظریات ہیں۔ کوڈی کے مطابق ودیوت کی شخصیت نے فلم کی ٹیم کو اس قدر متاثر کیا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ برینڈی سے بھی ان کی تعریف کی۔ انہوں نے ودیوت کو انتہائی خوش اخلاق اور مہربان انسان قرار دیا۔
کوڈی روڈز نے فلم کی شوٹنگ کے آخری دن کا ایک واقعہ بھی بیان کیا۔ ان کے مطابق ودیوت جموال نے انہیں اپنے کردار دھالسیم کا مخصوص ہار ایک ہاتھ سے لکھے ہوئے خط کے ساتھ تحفے میں دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کوڈی کی بیٹی کے لیے دو شالیں بھی پیش کیں، کیونکہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ کوڈی نے کہا کہ یہ تحائف ودیوت کے اچھے اخلاق اور دوسروں کا خیال رکھنے کی عادت کی عکاسی کرتے ہیں۔
اینڈریو شولز نے ودیوت جموال کی مارشل آرٹس کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہیں مشہور ایکشن اسٹار جیکی چن سے تشبیہ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ودیوت کے خاندان میں کئی نسلوں سے مارشل آرٹس کی روایت چلی آ رہی ہے اور ان کے ایکشن مناظر غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ودیوت کے اسٹنٹ دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ جسمانی تربیت اور ایکشن کے شعبے میں کس قدر مہارت رکھتے ہیں۔
ودیوت جموال اس سے قبل بھارتی فلموں میں اپنے ایکشن مناظر اور مارشل آرٹس کی وجہ سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ اب فلم اسٹریٹ فائٹر کے ذریعے وہ ہالی ووڈ میں قدم رکھنے جا رہے ہیں، جہاں ان کے ساتھی اداکاروں کے مثبت تبصروں نے ان کی نئی فلم میں دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔