کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے اٹھارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو دس وکٹوں سے شکست سے دے دی۔ سعود شکیل کی کپتانی میں گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اپنے بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سلطانز کو محض 89 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ یہ پی ایس ایل کی تاریخ کا کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا گیا سب سے کم سکور ہے۔

ملتان سلطانز کے بلے باز کوئٹہ کے بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں۔ کپتان محمد رضوان نے کارکردگی دکھانے کی کوشش کی اور 44 رنز بنائے، لیکن ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔ پوری ٹیم 17 اوورز میں ہی پویلین لوٹ گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے انتہائی جارحانہ انداز اپنایا اور ملتان سلطانز کے بولرز کو کوئی موقع نہ دیا۔ انہوں نے محض 6.5 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 90 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔

اس فتح کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے، جبکہ ملتان سلطانز کو اس شکست سے دھچکا لگا ہے۔ یہ میچ پی ایس ایل کی تاریخ میں کم سکور کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں