فیفا ورلڈ کپ 2026 کی گولڈن بوٹ ریس ناک آؤٹ مرحلے میں مزید دلچسپ ہو گئی ہے، جہاں فرانس کے کیلین ایمباپے اور ارجنٹائن کے لیونل میسی 6، 6 گولز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق ایمباپے اس وقت 6 گولز اور 2 اسسٹس کے ساتھ گولڈن بوٹ ریس میں سب سے آگے ہیں، جبکہ میسی نے بھی 6 گولز اسکور کیے ہیں، تاہم ان کے نام کوئی اسسٹ نہیں۔
گولڈن بوٹ ایوارڈ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کو دیا جاتا ہے۔ اگر دو کھلاڑیوں کے گول برابر ہوں تو اسسٹس کو دیکھا جاتا ہے، اور اگر اسسٹس بھی برابر ہوں تو کم منٹس کھیلنے والے کھلاڑی کو ترجیح دی جاتی ہے۔
اس وقت گولڈن بوٹ ریس میں ایمباپے اور میسی کے بعد ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ 5 گولز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
فرانس کے عثمان دیمبیلے 4 گولز اور 2 اسسٹس کے ساتھ نمایاں ہیں، جبکہ برازیل کے ونیسیئس جونیئر نے 4 گولز اور ایک اسسٹ کیا ہے۔
ایمباپے موجودہ گولڈن بوٹ ہولڈر ہیں، انہوں نے قطر ورلڈ کپ 2022 میں 8 گولز اسکور کر کے یہ ایوارڈ جیتا تھا۔
اگر ایمباپے اس بار بھی گولڈن بوٹ جیتتے ہیں تو وہ یہ اعزاز دو بار حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ اب تک کسی کھلاڑی نے گولڈن بوٹ ایک سے زیادہ بار نہیں جیتی۔
پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو بھی اس دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں، تاہم انہیں اس کے لیے تیزی سے مزید گولز اسکور کرنا ہوں گے۔ رونالڈو نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک 2 گول کیے ہیں، دونوں گول ازبکستان کے خلاف 0-5 کی کامیابی میں آئے تھے۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ فرانس کے جسٹ فونٹین کے پاس ہے، جنہوں نے 1958 کے ورلڈ کپ میں 13 گول کیے تھے۔
مجموعی طور پر ورلڈ کپ تاریخ میں سب سے زیادہ گولز لیونل میسی کے نام ہیں، جنہوں نے اب تک 19 گول کیے ہیں، جبکہ ایمباپے 18 گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔