فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کے ورلڈ کپ میں شریک کھلاڑیوں کے کلبوں کو مجموعی طور پر 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ادا کیے جائیں گے، جبکہ ہر کھلاڑی کے بدلے کلب کو روزانہ تقریباً 5 ہزار ڈالر ملیں گے۔
فیفا کے مطابق یہ رقم ان کلبوں میں تقسیم کی جائے گی جن کے کھلاڑی شمالی امریکہ میں ہونے والے 48 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ پہلی بار ورلڈ کپ کوالیفائنگ مرحلے کے دوران قومی ٹیموں کے لیے کھیلنے والے کھلاڑیوں کے کلب بھی اس مالی پروگرام سے مستفید ہوں گے۔
فیفا نے بتایا کہ کوالیفائنگ مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے عوض ان کے کلبوں کو فی میچ 2 ہزار 360 ڈالر ادا کیے گئے۔ ورلڈ کپ کوالیفائنگ مرحلے میں 209 قومی ٹیموں نے مجموعی طور پر 905 میچز کھیلے، جس کے باعث دنیا بھر کے ہزاروں کلب اس پروگرام سے فائدہ اٹھائیں گے۔ صرف اریٹیریا اور روس نے کوالیفائنگ مرحلے میں شرکت نہیں کی تھی۔
انگلش کلب مانچسٹر سٹی کے 19 کھلاڑی ورلڈ کپ 2026 کے لیے منتخب ہوئے ہیں، جو کسی بھی کلب کی جانب سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔ مانچسٹر سٹی کو 2022 کے قطر ورلڈ کپ اور 2018 کے روس ورلڈ کپ میں بھی فیفا کی جانب سے سب سے زیادہ مالی ادائیگی حاصل ہوئی تھی۔
فیفا کے مطابق 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے فنڈ میں سے 25 کروڑ ڈالر ورلڈ کپ میں شریک کھلاڑیوں کے کلبوں کو دیے جائیں گے، جبکہ 10 کروڑ ڈالر کوالیفائنگ مرحلے میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے کلبوں کے لیے مختص ہیں۔ باقی 50 لاکھ ڈالر انتظامی اخراجات پر خرچ کیے جائیں گے۔
مانچسٹر سٹی کے بعد جرمن کلب بائرن میونخ کے 18 کھلاڑی ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہوئے ہیں، جبکہ یورپی چیمپئنز لیگ کے فائنلسٹ پیرس سینٹ جرمین اور آرسنل کے 16، 16 کھلاڑی عالمی کپ میں شرکت کریں گے۔
یورپ سے باہر سعودی عرب کے کلب الہلال کے 12 کھلاڑی ورلڈ کپ اسکواڈز کا حصہ بنے ہیں، جو کسی بھی غیر یورپی کلب کی سب سے بڑی نمائندگی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یورپا کانفرنس لیگ کے فاتح کلب کرسٹل پیلس کے 12 کھلاڑی ورلڈ کپ میں شریک ہوں گے، جبکہ لیورپول کے 11 اور ریال میڈرڈ کے 10 کھلاڑی عالمی کپ کھیلیں گے۔
فیفا نے کلبوں کو ورلڈ کپ آمدنی میں حصہ دینا 2010 کے جنوبی افریقہ ورلڈ کپ سے شروع کیا تھا۔ اس وقت فنڈ 4 کروڑ ڈالر تھا، جو 2014 کے برازیل ورلڈ کپ میں بڑھ کر 7 کروڑ ڈالر ہوگیا، جبکہ اب 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے یہ رقم 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔