ازبکستان اور پاکستان کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز آج سے شروع ہو چکا ہے۔ پاکستان کے تاریخی شہر لاہور سے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند کو پہلی پرواز آج روانہ ہوئی۔ گزشتہ روز ازبک سفیر علی شیر تختیوف نے اعلان کیا تھا کہ ” تاشقند اور لاہور کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز دونوں ممالک کے درمیان تجارتی،اقتصادی اور سیاحتی تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لیے کیا گیا ہے۔”
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق سفیر علی شیر تختیوف نے مزید کہا کہ "صدر شوکت مرزائیوف کی قیادت اور وژن کے تحت ازبکستان نے رواں سال پاکستانیوں کے سیاحتی ویزوں کا دوبارہ اجرا کیا”۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس دانشمندانہ فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان اور ازبکستان کا مشترکہ ثقافتی ورثہ
ازبک سفیر نے کہا کہ "ان پروازوں سے دونوں ممالک کےعوام کو ایک دوسرے کا ثقافتی ورثہ اور تاریخی شہر دیکھنے کو ملیں گے، جِس سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ ملے گا۔” اُنہوں نے مزید کہا کہ ” براہِ راست پروازیں صرف سفری سہولت نہیں بلکہ تجارتی اور اقتصادی روابط کو بڑھانے کے لیے بھی ایک اہم اسٹریٹجک قدم ہیں۔”