چیک اِن اور بورڈنگ کے نظام فراہم کرنے والی کمپنی پر سائبر حملے کے باعث لندن، برسلز اور برلن سمیت کئی اہم یورپی ہوائی اڈوں پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا۔ اس حملے کے بعد ہفتے کے روز متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ کچھ کو منسوخ بھی کرنا پڑا۔
لندن کے ہیٹرو ایئرپورٹ نے بتایا کہ “کولنز ایروسپیس” نامی کمپنی، جو دنیا بھر میں کئی ایئرلائنز کو چیک اِن اور بورڈنگ کی سہولت دیتی ہے، کو تکنیکی مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کی وجہ سے خودکار نظام کام نہیں کر رہا، اور مسافروں کو صرف دستی طریقے سے چیک اِن کی سہولت دی جا رہی ہے۔
برسلز ایئرپورٹ کے مطابق، حملے کے بعد صرف دستی چیک اِن اور بورڈنگ ممکن ہے، جس سے پروازوں کے نظام پر بڑا اثر پڑا ہے۔ حکام نے تصدیق کی کہ کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں اور کچھ منسوخ بھی کی جا چکی ہیں۔ کمپنی کی جانب سے نظام کو جلد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ادھر برلن ایئرپورٹ نے بھی کہا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث چیک اِن میں طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے، تاہم فوری حل تلاش کرنے پر کام جاری ہے۔
فرینکفرٹ اور زیورخ ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کے سسٹمز اس سائبر حملے سے متاثر نہیں ہوئے اور معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر پر روانہ ہونے سے پہلے اپنی ایئرلائنز سے رابطہ کرکے پرواز کی تصدیق ضرور کر لیں تاکہ کسی مشکل سے بچا جا سکے۔