پاکستان میں رواں ماہ شیڈول، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل آسٹریلیا کو مسلسل چار بڑے جھٹکے لگے ہیں، جس سے ان کی اسکواڈ کی تیاریوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔آسٹریلوی ٹیم کے اہم آل راؤنڈر، مارکس اسٹوئنس نے اچانک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے بعد آسٹریلیا ان کے متبادل کا اعلان کرے گا۔
آسٹریلوی چیف سلیکٹر، جارج بیلے نے تصدیق کی ہے کہ، کپتان ،پیٹ کمنز اور فاسٹ بولر ،جوش ہیزل ووڈ بھی انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل آل راؤنڈر، مچل مارش بھی فٹنس مسائل کی وجہ سے اسکواڈ سے دستبردار ہو چکے تھے۔
آسٹریلیا کو چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ میں چار بڑی تبدیلیاں کرنا پڑ رہی ہیں، اور اب ٹیم کا حتمی انتخاب سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے بعد کیا جائے گا۔
چیف سلیکٹر ،جارج بیلے نے مزید بتایا کہ، پیٹ کمنز ٹخنے کی انجری سے مکمل صحتیاب نہیں ہو سکے،جوش ہیزل ووڈ کولہے کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور انہیں مزید وقت درکار ہے، جبکہ مچل مارش پہلے ہی فٹنس کے مسائل کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں۔
آسٹریلیا کو ٹورنامنٹ سے قبل ہی اپنے اہم ترین کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے ان کی چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا جلد متبادل کھلاڑیوں کا اعلان کرے گا، تاکہ ٹیم کی تیاری مکمل کی جا سکے۔