کالی کشمش کے بلڈ پریشر، ہاضمہ اور ہڈیوں کے لیے حیرت انگیز فوائد

کالی کشمش ایک قدرتی میوہ ہے جو نہ صرف غذائیت سے بھرپور ہے بلکہ کئی طبی فوائد بھی رکھتا ہے۔ یہ وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس کا خزانہ ہے اور قدرتی شکر، جیسے گلوکوز اور فریکٹوز، سے بھرپور ہوتا ہے جو فوری توانائی فراہم کرتا ہے۔

کالی کشمش میں پوٹاشیم کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے، جو جسم میں سوڈیم کی مقدار کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ چونکہ زیادہ سوڈیم ہائی بلڈ پریشر کی ایک بڑی وجہ ہے، اس لیے مٹھی بھر کالی کشمش صبح نہار منہ کھانا بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے کا بہترین طریقہ ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق، اگر کالی کشمش کو رات بھر پانی میں بھگو کر رکھا جائے اور صبح نہار منہ کھایا جائے تو اس کے فوائد کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔ اس طرح یہ نہ صرف بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے بلکہ ذہنی سکون بھی فراہم کرتا ہے۔ کچھ لوگ اسے دودھ کے ساتھ بھی استعمال کرتے ہیں جس سے اضافی توانائی اور دماغی سکون ملتا ہے۔

کالی کشمش میں موجود فائبر نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے اور قبض کی شکایت دور کرتا ہے۔ اس میں شامل قدرتی شکر معدے کی بے چینی میں آرام دیتی ہے اور آنتوں میں مفید بیکٹیریا کی افزائش میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔

اس خشک میوے میں کیلشیم کی وافر مقدار پائی جاتی ہے، جو ہڈیوں کو مضبوط بناتی ہے۔ اسے روزانہ بھگو کر کھانے سے ہڈیوں کے بھربھرا پن (آسٹیوپوروسس) جیسی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے، خاص طور پر بڑی عمر کے افراد کے لیے یہ نہایت مفید ہے۔

کالی کشمش میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس، جیسے پولی فینولز، فلیوونوئڈز اور فینولک ایسڈ، جسم میں مضر فری ریڈیکلز کو بے اثر کرتے ہیں، جس سے سوزش اور آکسیڈیٹیو اسٹریس میں کمی آتی ہے۔

فلیوونوئڈز جیسے کیورسیٹن اور کیٹیچن دل کی صحت کے لیے نہایت مفید سمجھے جاتے ہیں۔ یہ خون کی گردش کو بہتر بناتے ہیں، سوزش کم کرتے ہیں اور کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھتے ہیں، جس سے دل کے امراض، ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔

وٹامن سی، بی 6 اور زنک جیسے اہم غذائی اجزا پر مشتمل کالی کشمش مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہے اور جسم کو موسمی بیماریوں سے بچانے میں مدد کرتی ہے۔

کالی کشمش آئرن کا بہترین ذریعہ ہے جو خون میں سرخ خلیات بنانے اور جسم کے مختلف حصوں تک آکسیجن پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ آئرن کی کمی سے پیدا ہونے والی کمزوری، تھکن اور خون کی کمی (انیمیا) میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں