آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ کر دیا

آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں 0-5 سے کلین سویپ مکمل کر لیا۔ سینٹ کٹس کے وارنر پارک میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے ایک بار پھر ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم کو 170 رنز تک محدود کر دیا، جو اس سیریز میں ان کا سب سے کم اسکور تھا۔

سیریز کے پانچوں میچز میں آسٹریلیا نے پہلے گیند بازی کرتے ہوئے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا، اور بعد ازاں بیٹنگ کرتے ہوئے مضبوط مڈل آرڈر کی بدولت ہدف حاصل کر لیا۔ پانچویں میچ میں کیمرون گرین، ٹم ڈیوڈ اور مچ اووَن نے اہم رنز بنائے جبکہ آخر میں ایرون ہارڈی (28 ناٹ آؤٹ) نے ٹیم کو 18 گیندیں قبل 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف تک پہنچایا۔

کیمرون گرین نے 18 گیندوں پر 32 رنز بنائے اور اس سیریز میں اپنی فارم کا تسلسل برقرار رکھا، تاہم وہ اسپنر عقیل حسین کی گیند پر لمبی ہٹ مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔ حسین نے میچ میں 17 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹم ڈیوڈ نے 11 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے جبکہ مچ اوون نے ایک اور متاثرکن اننگز کھیلتے ہوئے 37 رنز بنائے۔

اس میچ میں گلین میکسویل کے لیے دن مایوس کن رہا جو بغیر کوئی رن بنائے پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔
میچ کے بعد آسٹریلوی کپتان مچ مارش نے کہاکہ،سیریز کے آغاز میں 5-0 کی امید نہیں تھی، لیکن ہم نے بہترین کرکٹ کھیلی اور ہر میچ میں اپنی طاقت دکھائی۔

مارش نے مزید بتایا کہ، ٹاس جیتنا ان کی حکمت عملی کا اہم حصہ رہا، جیسا کہ اس دورے کے تمام آٹھ میچز میں آسٹریلیا نے ٹاس جیتا۔ انہوں نے کہا کہ، بولرز نے آخری اوورز میں بہترین کارکردگی دکھائی، اور یہی فتح کی بنیاد بنا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمرون ہیٹمائر نے 31 گیندوں پر 52 رنز بنائے، جبکہ شیر فین ردرفورڈ نے 17 گیندوں پر 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ تاہم میزبان ٹیم آخری اوور تک پہنچتے پہنچتے 170 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کے بین ڈوارشوس نے 41 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایڈم زیمپا نے اپنے 100 ویں ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے ٹی20 فارمیٹ میں پہلی مرتبہ پانچ میچوں کی سیریز 0-5 سے جیتی، جبکہ ویسٹ انڈیز پہلی بار کسی پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز میں ایک بھی میچ نہ جیت سکا۔

اپنا تبصرہ لکھیں