ایشیا کپ 2025 کے چوتھے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 93 رنز سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ٹورنامنٹ میں کامیاب آغاز کیا ہے۔
ایشیا کپ 2025کا چوتھا میچ پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ کا پہلا مقابلہ تھا، جس میں قومی ٹیم نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں نمایاں برتری دکھائی، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔
اننگز میں محمد حارث نے سب سے زیادہ 66 رنز بنائے اور نمایاں بلے باز رہے، اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 29 رنز بنائے جبکہ فخر زمان نے 23، محمد نواز نے 19 اور فہیم اشرف نے 8 رنز کی اننگز کھیلی،جبکہ کپتان سلمان آغا اور صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
جواب میں عمان کی ٹیم پاکستان کی شاندار بولنگ کا مقابلہ نہ کر سکی اور 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 67 رنز بنا کر 16.4 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔
عمان کی طرف سے حماد مرزا نے 27 اور عامر کلیم نے 13 رنز بنائے جبکہ باقی کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا، پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم، فہیم اشرف اور صائم ایوب نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے بعد کپتان سلمان آغا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم پچھلے دو سے تین ماہ سے اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں تین اسپنرز شامل ہیں جو ٹیم کے توازن کو بہتر بناتے ہیں۔
پاکستان کی ٹیم میں صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، محمد حارث، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور ابرار احمد شامل تھے، پاکستان کا اگلا میچ 14 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف شیڈول ہے۔