پرتھ میں جاری ایشیز ٹیسٹ کے پہلے دن انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان شائقین کے لیے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں بالرز نے میدان پر قبضہ جما لیا۔ انگلینڈ کی ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہوئی، جبکہ آسٹریلیا بھی 123 رنز پر 9 وکٹیں گوا چکی تھی۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر مچل اسٹارک کی شاندار بولنگ کے سامنے پوری ٹیم سنبھل نہ سکی۔ اسٹارک نے 7 وکٹیں حاصل کر کے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو بری طرح ڈس آرگنائز کر دیا۔ انگلینڈ کے بیٹر ہیری بروک 52، اولی پوپ 46 اور جیمی سمتھ 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ باقی کھلاڑی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔
آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز بھی آسان نہ ہونے دیا۔ جیک ویدرالڈ بغیر رنز بنائے ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ایلیکس کیری 26، کیمرون گرین 24، ٹریوس ہیڈ 21 اور اسٹیو اسمتھ 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان بین اسٹوکس نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ جوفرا آرچر اور برائیڈن کارس نے 2، 2 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ پہلے دن کا یہ کھیل کرکٹ کے شائقین کے لیے یادگار اور دلچسپی سے بھرپور رہا، کیونکہ بالرز نے دونوں ٹیموں کو مقابلے میں سخت چیلنج دیا