بھارت: احمد آباد میں ایئر انڈیا طیارے کو حادثہ، جہازپر 169 انڈین جبکہ 53 برطانوی شہری سوار تھے

بھارت کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کے ایک مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے، جس کی تصدیق احمد آباد فائر ڈیپارٹمنٹ نے کی ہے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں۔
اب تک منظر عام پر آنے والی تصاویر میں طیارے میں آگ اور دھواں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں،ایئر انڈیا نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کی پرواز AI 171، جو احمد آباد سے لندن جا رہی تھی، ایک حادثے کا شکار ہوئی ہے۔ ایئر لائن کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تفصیلات کی تصدیق کر رہے ہیں اور جلد از جلد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔
بھارت کے وزیرِ ہوابازی نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس وقت ہائی الرٹ پر ہیں اور ریسکیو ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
انڈیا کے ڈائریکٹوریٹ آف سول ایوی ایشن کے چیف فیض احمد کدوائی نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ، احمد آباد میں حادثے کا شکار ہونے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد شہر کے رہائشی علاقے ’میگھانی نگر‘ میں گرا۔
انہوں نے تصدیق کی کہ طیارے پر 232 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔
احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق، طیارے کو حادثہ پیش آنے کے بعد ایئرپورٹ پر پروازوں کا سلسلہ عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ایئر انڈیا کے مطابق، احمد آباد میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے پر سوار مسافروں میں 169 انڈین شہری، 53 برطانوی شہری، پرتگال کے سات شہری اور کینیڈا کا ایک شہری شامل تھا۔
انڈین وزارت برائے ایوی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ، طیارے پر مجموعی طور پر 242 افراد سوار تھے، جن میں دو پائلٹ اور عملے کے دس اراکین بھی شامل تھے۔
ایئر انڈیا نے مزید بتایا ہے کہ، طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں