مائیکل جیکسن کی بایوپک “Michael” کی ریلیز تاخیر کا شکار

پاپ موسیقی کے لیجنڈ مائیکل جیکسن پر بننے والی بایوگرافیکل فلم “Michael” کی ریلیز میں ایک سال سے زائد کی تاخیر کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ فلم 18 اپریل 2025 کو ریلیز ہونا تھی، جسے بعد میں 3 اکتوبر 2025 تک مؤخر کیا گیا، تاہم اب اس میں مزید تاخیر متوقع ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فلم کی ریلیز میں تاخیر کی بنیادی وجہ متنازع مناظر کی دوبارہ عکس بندی (ری شوٹس) ہے، جن کا تعلق مبینہ طور پر 1993 کے ایک خفیہ عدالتی تصفیے سے ہے۔ مذکورہ قانونی معاہدے کے تحت کچھ کرداروں کو فلم میں شامل کرنا ممکن نہیں تھا، جس پر نظرِثانی کی جا رہی ہے۔

لائنس گیٹ اسٹوڈیو کے سی ای او جون فیلتھائمر نے 22 مئی کو کمپنی کی مالیاتی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی حتمی ریلیز پالیسی جلد طے کر لی جائے گی، تاہم یہ امکان ہے کہ “Michael” مالی سال 2025 میں ریلیز نہ ہو سکے۔

یاد رہے کہ لائنس گیٹ کا مالی سال 31 مارچ 2026 کو ختم ہوتا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ فلم کی ریلیز اپریل 2026 کے بعد ممکن ہو گی۔

دوسری جانب اسٹوڈیو کے فلم ڈویژن کے سربراہ ایڈم فوگل سن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فلم کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، جو فلمی بیانیے اور مارکیٹنگ حکمت عملی دونوں کے لیے ایک بڑی تبدیلی تصور کی جا رہی ہے۔

مداح اب بے چینی سے نئی ریلیز تاریخ کے اعلان کے منتظر ہیں، جبکہ فلمی دنیا اس بایوپک کو مائیکل جیکسن کی متنازع اور دلکش زندگی کا فلمی عکس قرار دے رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں