فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس کے بعد جاری اعلامیے میں خضدار میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کو بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی دہشت گرد تنظیموں کی کارستانی قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، اس حملے میں چار معصوم بچوں سمیت چھ بے گناہ افراد جان سے گئے، جس کی شدید مذمت کی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ، نہتے شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانا انسانیت کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح اور قابل مذمت خلاف ورزی ہے۔ کانفرنس کے دوران ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی سلامتی کے چیلنجز اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فورم نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل آپریشنل تیاری اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ، طاقت کے استعمال یا دھمکی آمیز رویوں کے ذریعے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
مزید برآں، کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں متحرک بھارت کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جائیں گی اور ان کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔