پاکستان سپر لیگ 10 غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے باقی ماندہ آٹھ میچز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ موجودہ ملکی حالات اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم کے مشورے پر کیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے تجویز دی کہ موجودہ نازک وقت میں قوم کی تمام تر توجہ پاک فوج کی کوششوں اور ملکی یکجہتی پر مرکوز ہونی چاہیے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اس فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ضرور خوشی کا ذریعہ ہے، مگر ملک کی خودمختاری اور سلامتی ہمیشہ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ 10 کے نئے شیڈول کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ بورڈ نے شہداء کے لواحقین اور سکیورٹی اداروں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل پی سی بی نے لیگ کے باقی میچز پاکستان سے دبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کے باعث مکمل ملتوی کرنے کا قدم اٹھایا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں