بھارت کا میزائل حملہ: مساجد کو نشانہ، متعدد شہری زخمی؛ پاکستان کا بھرپور جوابی کارروائی کا اعلان

پاکستانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف علاقوں پر میزائل حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں مساجد اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس سے کئی افراد زخمی اور دو شہید ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اے آر وائے نیوز اور جیو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے بہاولپور، احمد پور شرقیہ، کوٹلی، مظفرآباد اور مریدکے کے علاقوں میں میزائل داغے۔ ان حملوں میں مسجد سبحان اللہ (احمد پور ایسٹ) اور دیگر مساجد کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو نہ صرف انسانی حقوق بلکہ بین الاقوامی جنگی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق: “انڈیا نے اپنی فضائی حدود کے اندر رہتے ہوئے طیاروں کے ذریعے حملہ کیا۔ ہماری فضائیہ مکمل الرٹ تھی، کسی بھی بھارتی طیارے کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، اور پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر اس کا جواب دے گا۔”

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں میزائل حملے کے نتیجے میں 12 شہری زخمی ہوئے، جب کہ کوٹلی میں دو شہری جان کی بازی ہار گئے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، پاکستان کی فضائیہ اور زمینی افواج کی جوابی کارروائی جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے دفاعی ادارے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں.انہوں نے یقین دلایا کہ کارروائی کی مزید تفصیلات وقتاً فوقتاً عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر یقین رکھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں