پاکستان: شرح سود کم ہو کر 11 فیصد پر آ گئی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں ایک فیصد یا 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کا اعلان کردیا، جس کے بعد شرح سود 12 فیصد سے گھٹ کر 11 فیصد پر آگئی ہے۔ اس طرح گزشتہ 11 ماہ کے دوران مجموعی طور پر شرح سود میں 11 فیصد کی نمایاں کمی کی جاچکی ہے۔
مرکزی بینک نے یہ فیصلہ موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں کیا، جس کا مقصد معیشت میں استحکام لانا اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ اسٹیٹ بینک نے شرح سود کو 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مزید برآں، 27 جنوری 2025 کو اسٹیٹ بینک نے دو ماہ کے لیے شرح سود میں ایک فیصد کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے نتیجے میں شرح سود 13 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گئی تھی۔ اس سے قبل 16 دسمبر 2024 کو مرکزی بینک نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شرح سود میں 200 بیسس پوائنٹس کی کمی کر کے اسے 15 فیصد سے گھٹا کر 13 فیصد کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ، جون 2024 سے دسمبر 2024 کے دوران اسٹیٹ بینک نے مسلسل 6 مرتبہ شرح سود میں کمی کی تھی، جس کے نتیجے میں شرح سود 22 فیصد سے گھٹ کر 12 فیصد تک آ گئی تھی۔ اب حالیہ کمی کے بعد یہ سطح مزید کم ہو کر 11 فیصد ہو چکی ہے، جو معیشت میں نرمی کی عکاسی کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں