مسلح افواج دفاع وطن کیلئے قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں، چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان

پاکستان کے آرمی چیف، جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ، ملک کی مسلح افواج دفاعِ وطن کے لیے قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات کے مطابق، جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل عاصم منیر نے کی۔ اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال، پاک بھارت کشیدگی اور علاقائی سیکیورٹی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ، پاک فوج وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے کسی بھی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
آرمی چیف نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، ثابت قدمی اور ہر لمحے چوکس رہنے کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ، فوج دفاعِ وطن کے لیے قوم کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، کانفرنس میں بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، خاص طور پر پہلگام واقعے کے بعد لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے کہا کہ، بھارت کی یہ بلااشتعال کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہی ہیں جن کا مناسب اور موثر جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، شرکائے اجلاس نے بھارت کی جانب سے داخلی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے پیدا کیے گئے جعلی بحرانوں اور ان کے ذریعے اسٹیٹس کو کو بدلنے کی یکطرفہ کوششوں پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا، جیسا کہ 2019 میں پلوامہ حملے کے بعد آرٹیکل 370 کی منسوخی کے وقت کیا گیا تھا۔
فورم کے مطابق، بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں کا مقصد پاکستان کی مغربی سرحدوں پر توجہ اور اقتصادی بحالی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہے، تاہم اسے اپنی دہشت گرد پراکسیز کے ذریعے مذموم عزائم میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے اس امر پر بھی گہری تشویش ظاہر کی کہ، بھارت سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچا کر پاکستان کے قانونی آبی حقوق سلب کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو نہ صرف پاکستان، بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک ہوگا۔
فورم نے بھارتی خفیہ ایجنسیوں اور فوج کے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ناقابلِ تردید شواہد پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا، اور کہا کہ، یہ ریاستی سرپرستی کے تحت اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
فورم نے واضح کیا کہ، اگر بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ، پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کو کسی بھی قسم کی دہشت گردی یا جارحیت سے روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آرمی چیف نے اجلاس کے اختتام پر تمام فارمیشنز اور اسٹریٹجک فورسز کی تیاریوں اور حوصلے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں