پاکستان: 26 نومبر 2024 کےمقدمات میں 82 گرفتار ملزمان کو اعتراف جرم پر 4، 4 ماہ قید کی سزا

پاکستان کے شہر،راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر 2024 کے احتجاجی مظاہروں سے متعلق مقدمات میں گرفتار 82 ملزمان کو اعتراف جرم پر 4، 4 ماہ قید اور 15، 15 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ عدالت نے یہ فیصلہ ملزمان کی جانب سے جرم تسلیم کرنے اور آئندہ احتجاج میں شریک نہ ہونے کی یقین دہانی کے بعد سنایا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج، امجد علی شاہ نے 24 مقدمات کی سماعت کی، جن میں پولیس نے 124 گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، جبکہ 362 ملزمان ضمانت پر پیش ہوئے۔ ملزمان نے عدالت سے استدعا کی کہ، وہ غریب لوگ ہیں اور مقامی قیادت کے اکسانے پر احتجاج میں شامل ہوئے، لہٰذا ان کے ساتھ نرم رویہ اختیار کیا جائے۔
عدالت نے نہ صرف اعتراف جرم کرنے والوں کو سزا سنائی، بلکہ غیر حاضر 1,049 ملزمان کی ضمانتیں بھی خارج کر دیں۔ ساتھ ہی 25 افراد کی بعد از گرفتاری ضمانتیں بھی مسترد کرتے ہوئے ان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
مذکورہ احتجاج کے دوران مجموعی طور پر 1,609 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی، شاندانہ گلزار کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کیا اور کیس کی آئندہ سماعتیں 7، 8 اور 9 مئی کو مقرر کی گئیں جن کے دوران سیکیورٹی سخت رکھنے کی ہدایت دی گئی۔
واضح رہے کہ، پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں کیے گئے احتجاج کے بعد وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں عمران خان، بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی سمیت مختلف الزامات کے تحت درجنوں مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں املاک کو نقصان پہنچانے اور سڑکیں بند کرنے جیسے الزامات شامل تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں