فواد خان کی نئی فلم ’’عبیر گلال‘‘ بھارت کے بعد اب پاکستان میں بھی پابندی کی زد میں آ گئی ہے۔ معروف فلم ڈسٹری بیوٹر ستیش آنند نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فلم اب پاکستان میں نمائش کے لیے پیش نہیں کی جائے گی۔
فلم پر بھارتی ریاستی حلقوں میں تنقید اس وقت سامنے آئی جب پہلگام واقعے کے بعد اس کی ریلیز پر غیر رسمی طور پر روک لگا دی گئی۔ یہی اثر پاکستان میں بھی دیکھا گیا، جہاں بھارتی اداکارہ وانی کپور کی موجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے فلم کی ریلیز روک دی گئی ہے۔
ستیش آنند کے مطابق یہ اقدام ’’پاکستان کی طرف سے بھارتی پابندی کا جواب ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ فلم میں بھارتی اداکارہ شامل ہیں، اس لیے پاکستانی حکام نے بھی ریلیز کی اجازت نہیں دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’یہ فلمی تقسیم کاروں کے لیے مالی دھچکا ہے، کیونکہ فلم کی ریلیز سے بہت امیدیں وابستہ تھیں۔‘‘
عبیر گلال کو ایک انٹرنیشنل پروجیکٹ سمجھا جا رہا تھا اور اسے 9 مئی کو سینماؤں کی زینت بننا تھا، مگر اب اس کی عالمی ریلیز بھی غیر معینہ مدت تک مؤخر کر دی گئی ہے۔
فواد خان، جنہوں نے بالی ووڈ میں ’خوبصورت‘، ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ جیسی فلموں کے ذریعے شہرت حاصل کی، 2016 کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری سے الگ ہو چکے ہیں۔ موجودہ صورتحال نے ان کی واپسی کے امکانات کو مزید دھندلا دیا ہے۔