فلسطین خصوصا اہل غزہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی کال پر پاکستان بھر کے بیشتر شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیاں بند ہیں۔
راولپنڈی کے راجہ بازار، مری روڈ، صدر اور کمرشل مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں میں دکانیں مکمل طور پر بند ہیں، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی انتہائی کم ہے۔ ڈرگسٹ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال میں شمولیت کے باعث میڈیکل اسٹورز بھی بند نظر آ رہے ہیں۔
پاکپتن اور ملحقہ علاقوں میں بھی تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔ملکہ کوہسار مری میں بھی اہلِ غزہ سے یکجہتی کے لیے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال دیکھی جا رہی ہے، جہاں مال روڈ، کینٹ مارکیٹ، بھوربن مارکیٹ، علیوٹ اور پھگواڑی سمیت تمام بازار بند ہیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ بھی معمول سے بہت کم ہے۔
صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر، پشاور میں قصہ خوانی بازار، چوک یادگار، اشرف روڈ اور خیبر بازار سمیت اہم تجارتی مراکز بند ہیں، جبکہ شاپنگ مالز پر بھی ہو کا عالم ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر شہروں جیسے مستونگ، قلات، خضدار اور پشین میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔
کراچی میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے، جہاں تمام کاروباری مراکز بند اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے خاصا کم ہے۔ کورنگی کراسنگ روڈ پر فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے دھرنا دیا جا رہا ہے، جس کے باعث روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلا کر راستہ بند کیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق، گاڑیوں کو متبادل راستوں سے گودام چورنگی اور ناصر جمپ کے ذریعے چمڑا چورنگی کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ، پاکستانی قوم فلسطینیوں کی نسل کشی کو ہرگز برداشت نہیں کر سکتی۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ، پوری قوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ محبت کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ کی شدید مذمت کرے۔