مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ حملے کے بعد پاکستانی اداکار فواد خان کی بالی وڈ فلم ’عبیر گلال‘ کی ریلیز شدید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سین ایمپلائز (FWICE) نے تمام پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں کام کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ فیڈریشن نے اعلان کیا کہ وہ یہ یقینی بنائے گی کہ فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ بھارت میں ریلیز نہ ہو سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلگام میں پیش آنے والے سیاحوں پر حملے کی شدید مذمت کی جاتی ہے، اور قومی مفاد میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
فیڈریشن نے خبردار کیا کہ کوئی بھی اداکار، ہدایت کار یا پروڈکشن ہاؤس جو پاکستانی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے پایا گیا، اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فواد خان اور وانی کپور کی فلم ’عبیر گلال‘ 9 مئی کو ریلیز کے لیے تیار ہے جس میں سونی رازدان اور ردھی ڈوگرا بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کی ریلیز کی تیاریاں آخری مراحل میں تھیں تاہم موجودہ سیاسی کشیدگی نے اس پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔