وزیراعظم پاکستان شہباز شریف منگل کو ترکیہ کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔ ان کا یہ دورہ ترک صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر ہو رہا ہے۔
وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، عطااللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی، طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ترک صدر، رجب طیب ایردوان سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
پاکستان اور ترکیہ طویل عرصے سے ایک دوسرے کے قریبی اتحادی اور اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح روابط کی روایت قائم ہے، جو دونوں برادر ممالک کے مابین گہرے تعلقات کا مظہر ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح اسٹریٹجک تعاون کونسل (HLSCC) کے تحت قیادت کی سطح پر ادارہ جاتی روابط بھی قائم ہیں، جس کے ذریعے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جاتا ہے۔
اس کونسل کا ساتواں اجلاس 12 اور 13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جس کی صدارت ترک صدر، رجب طیب ایردوان اور وزیراعظم پاکستان نے مشترکہ طور پر کی تھی۔