2047 تک پاکستان کی معیشت پانچ گنا بڑھ سکتی ہے، برطانوی ہائی کمشنر

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر، جین میریٹ نے کہا ہے کہ، برطانیہ پاکستان کو دو کھرب (2 ٹریلین) ڈالر کی معیشت بنتا ہوا دیکھ رہا ہے اور وہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کا خواہاں ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ ‘لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ’ کے آٹھویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ، پاکستان کی نوجوان، متحرک آبادی اور ترقی کی کوششیں قابل تحسین ہیں، اور برطانیہ ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ، پاکستان کی ترقی نہ صرف اس کے لیے، بلکہ عالمی سطح پر بھی اہمیت رکھتی ہے۔
جین میریٹ نے برطانیہ کی مضبوط معیشت اور عالمی مالیاتی خدمات میں اہم مقام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ، برطانیہ کاروباری خدمات کے شعبے میں دنیا میں دوسرے اور تجارتی خدمات میں تیسرے نمبر پر ہے، اور وہ دنیا کی تیسری بڑی معیشت شمار ہوتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قریبی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ، دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی حجم تقریبا4.4 بلین پاؤنڈ ہے، جسے اگلے مرحلے میں 10 بلین اور پھر 15 بلین پاؤنڈ تک بڑھانے کا ہدف ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ، برطانیہ پاکستان کے ساتھ صحت، تعلیم، انجینئرنگ اور بڑے ترقیاتی منصوبوں جیسے ریکوڈک میں تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ، برطانیہ پاکستان میں 45 ملین ڈالر کا ایک منصوبہ چلا رہا ہے، جس کا مقصد توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ماحول دوست توانائی کے فروغ کے ذریعے پاکستان کی معاشی بہتری میں کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ، موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے اور برطانیہ اس میدان میں پاکستان کا پائیدار شراکت دار بننے کے لیے پرعزم ہے۔
عالمی بینک کے تخمینے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، 2047 تک پاکستان کی معیشت پانچ گنا بڑھ کر 2 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، اور اس تناظر میں برطانیہ پاکستان کو ایک قابل اعتماد اور مستقبل کے شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ، پاکستان میں نوجوان آبادی، اسٹریٹجک جغرافیائی حیثیت، مضبوط کاروباری بنیادیں اور قدرتی وسائل کی موجودگی اسے ایک باصلاحیت ملک بناتی ہیں، اور نجی شعبے کی ترقی پاکستان کے روشن مستقبل میں اہم کردار ادا کرے گی۔
تقریب میں ’دی سمفنی آف ایکو سسٹمز‘ کے عنوان سے ایک کلیدی مکالمہ بھی ہوا، جس میں مختلف کمپنیوں کے سی ای اوز اور اعلیٰ عہدیداران نے اس بات پر اظہار خیال کیا کہ، کس طرح ادارے، افراد اور ٹیکنالوجی مل کر ایک مربوط اور مضبوط ایکو سسٹم قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل تبدیلی، صنعتوں میں باہمی تعاون، جدت، شمولیت اور اجتماعی مقاصد کی اہمیت پر زور دیا۔
آخر میں، جین میریٹ نے نٹ شیل گروپ کے بانی و چیئرمین محمد اظفر احسن کا شکریہ ادا کیا کہ، انہوں نے دنیا بھر سے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر پاکستان کی ترقی کے سفر کو تقویت دی۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں