اجتماعی کوششوں کے باعث ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیراعظم پاکستان

وزیراعظم پاکستان، شہباز شریف نے کہا ہے کہ، اجتماعی کوششوں کے باعث اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی معیشت کو استحکام عطا کیا ہے، اور اب ملک ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے۔
اسلام آباد میں مری روڈ پر جناح اسکوائر انڈر پاس کا سنگِ بنیاد رکھتے ہوئے تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ، وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس منصوبے کو 60 دنوں کے بجائے 35 دن میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے، اور مجھے ان پر مکمل بھروسہ ہے کیونکہ انہوں نے ماضی میں بھی اسی طرح کے وعدے پورے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ، یہ نہ صرف ‘شہباز اسپیڈ’ یا ‘محسن نقوی اسپیڈ’ ہے بلکہ یہ ‘پاکستان اسپیڈ’ ہے۔

وزیراعظم نے معیشت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ، بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی فِچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی ہے، جہاں آؤٹ لک کو ‘ٹرپل سی’ سے بڑھا کر “بی مائنس” کر دیا گیا ہے اور اسے مستحکم قرار دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، یہ بہتری مشترکہ کاوشوں اور بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ، جیسے ٹیم پاکستان نے مشکلات کا سامنا متحد ہو کر کیا، اسی جذبے سے اب ترقی کا سفر بھی طے کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے بلوچستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ، حکومت نے وہاں کے عوام کو ایک اہم تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ، کراچی، قلات، خضدار، کوئٹہ اور چمن کو ملانے والا جو روڈ پہلے ‘خونی ٹریک’ کہلاتا تھا اور جس نے دو ہزار سے زائد جانیں نگل لیں، اب اس سڑک کو موٹروے کے معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے، اور وہ خود اس منصوبے کی نگرانی کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں