بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی کے چند ہی گھنٹوں بعد اداکار کا پہلا ردعمل سامنے آ گیا ہے، جس نے مداحوں کو تجسس میں مبتلا کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن کے واٹس ایپ نمبر پر موصول ہونے والے ایک گمنام پیغام میں کہا گیا تھا کہ "سلمان خان کو ان کے گھر کے اندر قتل کر دیا جائے گا، اور ان کی گاڑی کو بم دھماکے سے اڑا دیا جائے گا”۔
واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام نے سلمان خان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔
دھمکی کے بعد سلمان خان نے سوشل میڈیا پر جِم میں ورزش کے دوران لی گئی ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی لکھا: "حوصلہ افزائی کے لیے آپ کا شکریہ”۔ اداکار کی یہ پوسٹ مختصر مگر معنی خیز سمجھی جا رہی ہے، جس نے مداحوں کے درمیان مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔
تصویر میں سلمان کی محنت، فٹنس اور سنجیدگی نمایاں ہے، جس پر مداحوں نے بھرپور ردعمل دیا اور سوشل میڈیا پر اداکار کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کئی صارفین نے اسے "خاموش مگر پُراثر جواب” قرار دیا۔
یاد رہے کہ سلمان خان کو اس سے قبل بھی متعدد بار جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔ ان کا نام گینگسٹر لارنس بشنوئی سے پرانی دشمنی کے باعث خبروں میں آتا رہا ہے۔ گزشتہ سال اسی گروہ کے شوٹرز نے سلمان کے قریبی ساتھی بابا صدیقی کو سرعام قتل کر دیا تھا۔
اداکار کی جانب سے ابھی تک کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ان کی حالیہ پوسٹ کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایک غیر رسمی ردعمل سمجھا جا رہا ہے۔