ترکیہ: وزیر اعلیٰ پنجاب کی ترکیہ کے نائب صدرسے ملاقات، تعلیم و معاشی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق

اناطولیہ میں منعقدہ ‘انطالیہ ڈپلومیسی فورم 2025’ کی سائیڈ لائنز پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ دلچسپی کے امور، تعلیم، معاشی تعاون اور ہنر کی ترقی جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے آغاز میں نائب صدر جودت یلماز نے ڈپلومیسی فورم 2025 میں شرکت پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا، جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے فورم میں مدعو کرنے پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
مریم نواز نے گفتگو کے دوران کہا کہ ،ترکیہ اور پاکستان دو بھائیوں کی مانند ہیں، جن کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے ترکیہ کے نائب صدر کو پنجاب کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی، تاکہ دونوں خطے تعلیم، تربیت اور اقتصادی میدانوں میں اشتراکِ عمل کو عملی شکل دے سکیں۔
ملاقات میں تعلیم اور معاشی شعبے میں باہمی منصوبہ جات کو وسعت دینے، مشترکہ پروگرامز متعارف کرانے اور گلوبل اسکل میپنگ جیسے اقدامات میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ترکیہ کے نائب صدر کو پنجاب میں تعلیم اور ہنر کے فروغ کے حوالے سے جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے نائب صدر جودت یلماز کے لیے نیک تمناؤں کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی قریبی تعاون اور تعلقات کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، تعلیم، ہنر اور معیشت کے میدان میں اشتراک سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور علاقائی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں