اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے متعدد شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلے کے جھٹکے پنجاب کے شہروں راولپنڈی، اٹک، چنیوٹ، چکوال اور میانوالی سمیت گردونواح میں محسوس کیے گئے، جبکہ خیبرپختونخوا کے پشاور، مردان، مہمند، شبقدر، لکی مروت، نوشہرہ، صوابی، لوئر دیر اور مالاکنڈ میں بھی زمین لرز اُٹھی۔

محکمہ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

زلزلے کے بعد ریسکیو ادارے الرٹ کر دیے گئے ہیں اور متعلقہ حکام صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں