بالی ووڈ اداکارہ شانتی پریا، جو اکشے کمار کے ساتھ ان کی ڈیبیو فلم ’’سوگندھ‘‘ میں جلوہ گر ہوئی تھیں، نے معاشرے کے بنائے ہوئے خوبصورتی کے معیارات کو چیلنج کرتے ہوئے اپنے بال منڈوا لیے ہیں۔ اداکارہ نے اس جرات مندانہ فیصلے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جو مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
شانتی پریا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عورت ہونے کے ناطے اکثر زندگی میں خود پر کئی قسم کی پابندیاں لگا لی جاتی ہیں، لیکن انہوں نے ان پابندیوں سے آزاد ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا:
“میں نے خود کو آزاد کرلیا ہے، خود پر لگائی گئی پابندیوں سے آزاد! میں دنیا کے بنائے ہوئے خوبصورتی کے معیارات کو توڑنا چاہتی ہوں، اور میں یہ بہت ہمت اور عزم کے ساتھ کر رہی ہوں۔”
اداکارہ نے اس موقع پر اپنے مرحوم شوہر، اداکار سدھارتھ رے، کا بلیزر بھی زیب تن کیا، جو 2004 میں انتقال کر گئے تھے۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا:
“آج، میں اپنے مرحوم شوہر کی یاد کو بھی اپنے قریب محسوس کر رہی ہوں، ان کے اس بلیزر میں، جو اب بھی ان کی گرمی سمیٹے ہوئے ہے۔”
شانتی پریا کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر مخلوط ردعمل ملا ہے۔ جہاں کئی صارفین نے ان کی بہادری کو سراہا، وہیں کچھ افراد نے ان پر تنقید بھی کی۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ “جنوبی ہندوستان میں لمبے بال عورت کی خوبصورتی کی علامت ہوتے ہیں، آپ نے یہ کیوں کیا؟” جس پر اداکارہ نے دوٹوک جواب دیا:
“یہ سوچ مت رکھو کہ ہر کسی کو ایک خاص انداز میں ہی دکھنا چاہیے۔”
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ اس فیصلے سے قبل وہ اس خدشے کا شکار تھیں کہ کہیں اس سے ان کے کام کے مواقع متاثر نہ ہوں، کیونکہ انڈسٹری میں اداکاراؤں کے لیے مخصوص ظاہری معیار موجود ہیں۔ تاہم، انہوں نے خوف کی بجائے دل کی آواز پر عمل کرتے ہوئے بال منڈوانے کا حوصلہ دکھایا۔
شانتی پریا کو آخری بار تمل فلم ’’بیڈ گرل‘‘ میں دیکھا گیا تھا، اور اب ان کا یہ قدم نہ صرف ان کے فینز کے لیے ایک نیا پیغام ہے بلکہ شوبز انڈسٹری میں خوبصورتی کے نظریات کو بھی چیلنج کرتا ہے۔