کل گیارہ اپریل سے پاکستان میں پی ایس ایل 10 شروع ہو رہا ہے۔ افتتاحی میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دفاعی چیمپین اسلام آباد یونائٹیڈ اور لاہور قلندر کے مابین ہوگا۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی قیادت شاداب خان جبکہ لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی ہوں گے۔
پی ایس ایل میں چھ ٹیمیں لاہور قلندر، اسلام آباد یونائٹیڈ، کراچی کنگ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈایٹر اور ملتان سلطان شرکت کر رہی ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم، ملتان سلطان کے کپتان محمد رضوان، کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل جبکہ کراچی کنگ کے کپتان سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر ہوں گے۔
میچز چار وینیوز لاہور، کراچی، پنڈی اور ملتان میں ہوں گے۔ مجموعی طور پر چونتیس میچز ہوں گے، سب سے زیادہ میچز (تیرہ )لاہور میں کھیلے جائیں گے، پنڈی میں گیارہ جبکہ کراچی اور ملتان میںپانچ پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل اٹھارہ مئی کو 2 قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
کہا جا رہا ہے کہ اس بار پی ایس ایل میچز میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال ہوگی، کمنٹری کے لئے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کئی نامور غیر ملکی کمنٹیٹر بھی آچکے ہیں۔ اس بار اردو کمنٹری کے لئے مکمل پینل کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔