امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی ٹیرف پالیسی میں نرمی کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، جب کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروباری ہفتے کے آغاز پر غیر معمولی بہتری دیکھنے میں آئی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر نے دنیا بھر کے ممالک پر سخت تجارتی محصولات (ٹیرف) عائد کیے تھے، جن میں پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد تک ٹیرف نافذ کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار ہو گئی تھیں۔
تاہم گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے چین کے سوا تمام ممالک کے لیے 90 روزہ ٹیرف ریلیف کا اعلان کیا، جس کے فوری اثرات دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں دیکھے گئے۔ تائیوان کی اسٹاک مارکیٹ 9 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ بند ہوئی، جب کہ ہانگ کانگ کی مارکیٹ میں بھی نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروباری سرگرمیوں کا آغاز پُرامید انداز میں ہوا اور ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2924 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ 117077 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا نظر آیا۔
ماہرین کے مطابق امریکی پالیسی میں نرمی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، اور اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں پاکستان سمیت ابھرتی ہوئی معیشتوں کی مارکیٹس میں مزید بہتری متوقع ہے۔