امریکہ کے نئے 29 فیصد ٹیرف سے پیدا ہونے والے تجارتی بحران پر قابو پانے کے لیے پاکستان نے اعلیٰ سطحی وفد کو امریکا بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد چیمہ، محمد اورنگزیب، پرویز ملک، مشیرِ وزیراعظم توقیر شاہ، طارق فاطمی اور ہارون اختر شریک تھے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وفد امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور نئے ٹیرف پر مذاکرات کرے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وفد میں معروف کاروباری شخصیات اور برآمد کنندگان بھی شامل ہوں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو اسٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ کی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ آئندہ کے ممکنہ لائحہ عمل پر بھی غور ہوا۔ حکام نے آگاہ کیا کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ امریکی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ “پاکستان اور امریکہ کے تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ حکومت امریکا کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔”