صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس موقع پر اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپنی علیحدہ علیحدہ مبارکبادی پیغامات میں اس دن کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ، عید خوشیوں اور شکرگزاری کا موقع ہے، جسے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنا چاہیے۔
صدر آصف علی زرداری کا پیغام
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں پوری قوم اور عالم اسلام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ، رمضان المبارک صبر، عبادت اور دوسروں کی مدد کا درس دیتا ہے، جبکہ عیدالفطر اللہ تعالیٰ کی طرف سے انعام ہے جو روزے کی مشقت کا صلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ، حقیقی خوشی تب ہی حاصل ہوتی ہے جب ہم اپنی خوشیوں میں دوسروں کو شریک کریں، خصوصاً ضرورت مندوں اور مستحق افراد کا خیال رکھیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ، وہ زکوٰۃ، صدقات اور فطرانہ ادا کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، تاکہ معاشرے کے کمزور طبقے کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ، عید الفطر کا دن اخوت، ہمدردی اور ایثار کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ، اس وقت پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، جن کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں ہر قسم کی انتہاپسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا اور ملکی استحکام و سالمیت کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ، حکومت ملکی معیشت کے استحکام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، تاہم قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ، ہمیں مل کر معیشت، معاشرت اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانا ہوگا ،تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
صدر اور وزیراعظم نے اپنے پیغامات میں دعا کی کہ، یہ عید ملک میں خوشحالی اور امن کا پیغام لے کر آئے اور پوری قوم کے لیے کامیابی و ترقی کا سبب بنے۔