بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے ڈیجیٹل دنیا میں قدم رکھتے ہوئے اپنا یوٹیوب چینل ’عامر خان ٹاکیز‘ لانچ کر دیا ہے، جہاں وہ فلم میکنگ کی باریکیوں، پردے کے پیچھے کے مناظر اور سینما کے سحر انگیز سفر کو اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کریں گے۔
60 سالہ عامر خان کی پروڈکشن کمپنی ’عامر خان پروڈکشنز‘ نے اس چینل کا باضابطہ آغاز کیا ہے، جس کا مقصد فلم بینوں کو سینما کی تخلیقی دنیا میں جھانکنے کا نیا موقع فراہم کرنا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پلیٹ فارم فلم سازی کے پیچیدہ مراحل، کہانی کے انتخاب، ہدایت کاری کے منفرد زاویوں اور فلم کے جادوئی پردے کے پیچھے کی حقیقتوں کو پیش کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
چینل کی رونمائی ایک خصوصی ویڈیو کے ذریعے کی گئی، جس میں کہا گیا کہ ’ہم نے ایسی فلمیں تخلیق کیں جنہوں نے آپ کو ہنسایا، رلایا اور سوچنے پر مجبور کیا۔ اب ’عامر خان ٹاکیز‘ کے ذریعے فلم میکنگ کی دنیا میں جھانکیے، جہاں کہانی اور حقیقت ایک ساتھ چلتی ہیں۔‘
تعارفی ویڈیو میں عامر خان نے اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ طویل عرصے سے فلم سازی کے سفر کو مداحوں کے ساتھ بانٹنے کے خواہش مند تھے۔ اب اس پلیٹ فارم کے ذریعے ناظرین کو فلمی تخلیق کے پیچیدہ مراحل، ہدایت کاروں کے وژن اور سینما کے پردے کے پیچھے کے رازوں سے روشناس کرایا جائے گا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ چینل پر نہ صرف ماہرین کی گفتگو، فنکاروں کے انٹرویوز اور فلمی تجربات پر بات ہوگی بلکہ یہ نئے فلم سازوں اور سینما کے شوقین افراد کے لیے بھی سیکھنے کا ایک بہترین موقع ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’عامر خان ٹاکیز‘ کے ذریعے مداح سنیما کو ایک نئے زاویے سے دیکھ سکیں گے، جہاں کہانی، جذبات اور تخلیقی عمل کی اصل روح آشکار ہوگی.