بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور بچن خاندان کی بہو، ایشوریا رائے بچن کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 مارچ کو منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایشوریا رائے بچن کی گاڑی کو ایک لوکل بس نے پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے کے وقت اداکارہ گاڑی میں موجود نہیں تھیں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم، اس واقعے کے باعث ممبئی کے اس علاقے میں تقریباً آدھے گھنٹے تک ٹریفک جام رہا، جسے بعد میں پولیس نے بحال کر دیا۔
حادثے کے فوراً بعد پولیس نے ایشوریا کی گاڑی کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا، جبکہ بس کو اس کی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا تاکہ مزید ہجوم اکٹھا نہ ہو۔
جیسے ہی یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی، اداکارہ کے مداح ان کی خیریت کے حوالے سے خاصے فکرمند نظر آئے اور سوشل میڈیا پر ان کی سلامتی کے لیے دعائیں دینے لگے۔