پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے نیوزی لینڈ اسکواڈ میں پاکستانی نژاد کھلاڑی شامل

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا، جس میں پاکستانی نژاد آل راؤنڈر محمد ارسلان عباس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ، محمد ارسلان عباس کے والد، اظہر عباس، ماضی میں پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں اور بعد میں نیوزی لینڈ منتقل ہو گئے تھے۔
محمد ارسلان عباس کی قومی ٹیم میں شمولیت پر ا ن کے والد اظہر عباس نے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ،یہ لمحہ میرے لیے فخر کا باعث ہے۔ میرا بیٹا ایک فائٹر ہے اور وہ نیوزی لینڈ کے لیے اچھا پرفارم کرے گا۔ پاکستان کے خلاف ایک زبردست سیریز ہوگی۔
اظہر عباس پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد نیوزی لینڈ منتقل ہوئے تھے، اس وقت ان کے بیٹے محمد عباس کی عمر صرف ایک سال تھی۔ وہاں انہوں نے نیوزی لینڈ میں بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی اور اب وہ ویلنگٹن فائر برڈز کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ،محمد عباس پچھلے ڈھائی سال سے نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہا ہے اور اس کی کارکردگی مسلسل شاندار رہی ہے، جس کی بدولت اسے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا۔
اظہر عباس نے اپنے آبائی علاقے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ، ان کا تعلق ضلع خانیوال کے ایک چھوٹے سے گاؤں روشن پور سے ہے۔ وہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہے اور بعد میں نیوزی لینڈ میں بھی کرکٹ کے میدان سے جڑے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ،میرا خواب تھا کہ، میں اپنے بیٹے کو کرکٹر بناؤں۔ جب وہ پیدا ہوا، تبھی میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ، اسے ایک کامیاب کرکٹر بنانا ہے۔ میں نے جو کچھ سیکھا، وہ سب عباس کو منتقل کرنے کی کوشش کی، اور آج وہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا حصہ بن چکا ہے۔
اظہر عباس نے جذباتی انداز میں کہا کہ ،ہم دل سے پاکستانی ہیں، مگر ہمیں خوشی ہے کہ، ہمیں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کا موقع ملا۔ پاکستان کے خلاف کھیلنا ایک یادگار موقع ہوگا۔
محمد ارسلان عباس کی شمولیت نے دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کی دلچسپی میں اضافہ کر دیا ہے، اور شائقین ان کے کھیل کو دیکھنے کے منتظر ہیں کہ ،آیا وہ اپنے والد کی میراث کو کس حد تک آگے لے جا سکتے ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز ایک شاندار مقابلہ ہونے کی امید ہے، جہاں ایک پاکستانی نژاد کھلاڑی اپنی مہارت کا لوہا منوانے کے لیے میدان میں ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں