سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کر دیا ہے اور اپنے سیاسی ایجنڈے کا بھی انکشاف کیا ہے۔ جارحانہ بیٹنگ سے مشہور وارنر نے کرکٹ کے میدان میں کئی کارنامے انجام دیے اور اب ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے سیاست کو اپنی اگلی منزل بنا لیا ہے۔
وارنر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے سیاست میں شمولیت کا عندیہ دیا، جس نے ان کے مداحوں اور کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا: “میرا خیال ہے کہ اب مجھے ممبر پارلیمنٹ بننا چاہیے۔” اس کے ساتھ ہی، انہوں نے ملک کی بہتری کے لیے اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آمدنی پر ٹیکس کم کرنے اور گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (GST) میں اضافہ کرنے کے حامی ہیں۔
ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا کے لیے تینوں فارمیٹس میں 19 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں اور گزشتہ سال انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ سیاست میں قدم رکھنے کے علاوہ، وارنر جلد ہی بالی ووڈ کی تیلگو فلم میں بھی نظر آئیں گے، جو ان کے مداحوں کے لیے ایک اور بڑی خبر ہے۔
سیاست میں ان کی عملی شمولیت اور مستقبل کے عزائم کیا ہوں گے، یہ دیکھنا باقی ہے، مگر ان کے اس اعلان نے آسٹریلیا میں سیاسی اور کرکٹ حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔