بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خاص اعلان کرکے خبروں میں آگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، سالگرہ کے جشن میں عامر خان نے اپنی 25 سال پرانی دوست گوری کو میڈیا سے متعارف کرایا اور کہا، “جب ہم ملے تو دونوں سنگل تھے، اب ہمارے بچے جوان ہوچکے ہیں۔”
اداکار نے مزید کہا کہ وہ اور گوری گزشتہ ڈیڑھ سال سے ایک ساتھ ہیں اور ایک دوسرے کے لیے سنجیدہ اور پُرعزم ہیں۔ عامر نے اپنی دوست گوری کو شاہ رخ اور سلمان خان سے بھی ملوایا اور انکشاف کیا کہ وہ روزانہ ان کے لیے گانا گاتے ہیں۔ اس موقع پر عامر خان نے مشہور نغمہ “کبھی کبھی میرے دل میں خیال آتا ہے” بھی گنگنایا، جس سے ان کے جذبات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر خان نے اپنی فلم “لگان” کے کردار بھوون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، “بھوون کو اپنی گوری مل گئی۔” جس سے قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئیں۔ تاہم، عامر خان نے واضح طور پر شادی کی تصدیق نہیں کی، بلکہ یہ کہا کہ “مجھے نہیں معلوم کہ 60 سال کی عمر میں شادی شوبھا دیتی ہے یا نہیں، لیکن میرے بچے خوش ہیں اور میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میری سابقہ بیویوں کے ساتھ بھی اچھے تعلقات ہیں۔”
یاد رہے کہ عامر خان کی پہلی شادی فلم پروڈیوسر رینا دتہ سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے جنید اور ایرا خان ہیں، جبکہ دوسری شادی ڈائریکٹر کرن راؤ سے تھی، جن سے ان کا ایک بیٹا آزاد ہے۔ عامر اور کرن نے 2021 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا عامر واقعی تیسری شادی کا ارادہ رکھتے ہیں یا یہ محض ایک قریبی دوستی ہے؟