قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو پی ایس ایل میں ان کی پرانی ٹیم کوئٹہ گلیڈایٹر نے اگلے ماہ منعقد ہونے والے پی ایس ایل کے لئے ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔ وہ ہیڈ کوچ معین خان کےساتھ یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
ٹیم کے مالک ندیم عمر نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ، ّّکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 2019 کا ٹائٹل جتوانے والے کپتان سرفراز احمد پی ایس ایل کے آغاز سے ہی ٹیم کے اہم کرداروں میں سے ایک ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ سرفراز نے بحیثیت کپتان فرنچائز کی عمدہ انداز میں قیادت کی، امید ہے کہ وہ بطور ڈائریکٹر بھی ایسا ہی کریں گے۔”
یاد رہے کہ جنوری میں کوئٹہ گلیڈایٹر نے بطور کھلاڑی سرفراز احمد کو ریلیز کر کے رلی روسو کو نیا کپتان بنا دیا تھا۔ اس سے پہلے سرفراز ہی کوئٹہ گلیڈایٹر کے کپتان رہے ہیں۔ تب یہ کہا جا رہا تھا کہ شائد سرفراز کا کوئٹہ گلیڈایٹر کے ساتھ سفر ختم ہوا، تاہم اب انہیں ایک اہم ذمہ داری دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 میں سرفراز احمد کی کپتانی میں پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا تھا جبکہ 2016 اور 2017 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل میں شکست سے دوچار ہوئی تھی۔
گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے سرفراز احمد نے 86 میچوں میں 7 نصف سنچریوں کی مدد سے اور 29.32 کی اوسط سے مجموعی طور پر 1525 رنز بنائے تھے۔