سعودی عرب کے سرکاری سکولوں میں ہزاروں بچے چینی زبان سیکھ رہے ہیں۔
گزشتہ برس اگست میں سعودی عرب نے انگریزی کے بعد چین کی سرکاری زبان مینڈرین کو ایک لازمی غیر ملکی زبان کے طور پر متعارف کروایا جس کا اطلاق اس کے چھ انتظامی علاقوں میں سے تین میں ہوگا۔ اگرچہ سعودی عرب میں چینی زبان سیکھنا لازمی ہے مگر اس کے کورس میں حاصل کیے گئے نمبر طلبا کے مجموعی گریڈ میں شامل نہیں کیے جاتے۔
یاد رہے کہ 2019 میں چین کے دورے کے بعد، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پورے تعلیمی نظام میں چینی زبان متعارف کرانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا ۔ اس کے بعد سے کئی سعودی یونیورسٹیوں نے چینی زبان میں پروگرام شروع کیے ہیں۔ 2023 میں، ریاض میں پرنس سلطان یونیورسٹی نے ملک میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی پہلی شاخ کا آغاز کیا، جسے خاصی پزیرائی ملی۔ سعودی حکومت کا خیال ہے کہ چینی زبان سیکھنا مستقبل میں سعودی نوجوانوں کے کام آ سکے گا کیونکہ چینی زبان مستقبل میں اقتصادی رابطے کی زبان ہوگی۔