بالی ووڈ کی 17 سالہ اداکارہ نیتانشی گوئل نے آئیفا ایوارڈز 2025 میں بہترین اداکارہ کا اعزاز اپنے نام کر لیا، جہاں وہ کئی نامور اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب رہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئیفا ایوارڈز میں لیڈنگ رول (خواتین) کیٹیگری میں یامی گوتم، کترینہ کیف، عالیہ بھٹ اور شردھا کپور نامزد تھیں، لیکن سب کو مات دیتے ہوئے نیتانشی گوئل نے یہ ایوارڈ جیت لیا۔ انہیں یہ اعزاز ان کی فلم لاپتہ لیڈیز میں شاندار اداکاری پر دیا گیا، جو کرن راؤ کی ہدایت کاری میں بنی اور پہلے ہی کئی ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہے۔
یہ ایوارڈ نیتانشی کو بومن ایرانی اور بوبی دیول نے پیش کیا، جسے وصول کرتے ہوئے نوجوان اداکارہ جذباتی ہو گئیں اور آبدیدہ نظر آئیں۔ اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے نیتانشی نے فلم کی پوری ٹیم اور اپنے والدین کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہر قدم پر ان کا ساتھ دیا۔
ایوارڈ جیتنے کے بعد بھارتی میڈیا سے گفتگو میں نیتانشی نے کہا، مجھے یقین نہیں آ رہا، میں نے امید کی تھی کہ لاپتہ لیڈیز بڑے ایوارڈز جیتے گی، لیکن یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں خود بہترین اداکارہ بن جاؤں گی۔ میرے ساتھ نامزد تمام اداکارائیں ناقابلِ یقین ہیں، میں ان سب کی بڑی مداح ہوں۔ مجھے جو پیار ملا ہے، اس پر میں بے حد شکرگزار ہوں۔