سعودی عرب پر حو-ثی حملوں کے بعد 50 لاکھ ڈالر کا بین الاقوامی گالف ٹورنامنٹ ملتوی

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حو-ثی حملوں کے بعد ایشین گالف ٹور نے سعودی انٹرنیشنل گالف ٹورنامنٹ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 18 سے 21 نومبر 2026 تک ریاض گالف کلب میں منعقد ہونا تھا، تاہم ابھی تک نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، یہ فیصلہ سعودی عرب میں حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایشین گالف ٹور اور گالف سعودی کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ انتظامی اور سفری مشکلات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ بیان کے مطابق منتظمین اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ایونٹ کا انعقاد بین الاقوامی معیار اور کھلاڑیوں و شائقین کی توقعات کے مطابق ہو۔

سعودی انٹرنیشنل گالف ٹورنامنٹ ایشین ٹور کے اہم مقابلوں میں شامل ہے، جس کی مجموعی انعامی رقم 50 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی تھی۔ اس ٹورنامنٹ کو سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی مالی معاونت حاصل ہے اور اسے رواں سیزن کے اختتامی مقابلے کے طور پر منعقد کیا جانا تھا۔

ایشین ٹور کے کمشنر اور چیف ایگزیکٹو چو من تھانٹ نے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں تعاون پر گالف سعودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی انٹرنیشنل ایشین ٹور کے اہم ترین مقابلوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں کھلاڑی ایک بار پھر ریاض میں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کر سکیں گے۔ منتظمین کے مطابق آئندہ شیڈول سے متعلق مزید اعلانات بعد میں کیے جائیں گے۔

سعودی عرب میں جاری کشیدگی کے باعث دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ریاض میں ہونے والے سکس کنگز سلام ٹینس ٹورنامنٹ کو دسمبر تک ملتوی کیا گیا، جبکہ بعض فٹبال مقابلوں کے شیڈول میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان واقعات کے بعد سعودی عرب میں آئندہ بین الاقوامی کھیلوں کے انعقاد اور کھلاڑیوں کی سلامتی سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں