پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 17 بچوں سمیت 18 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے کمسن بچوں سمیت 18 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو 1122، پاک فوج اور دیگر امدادی اداروں کی جانب سے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق دیر کالونی میں واقع الخیر اسکول سسٹم کی چھت گرنے سے طلبہ اور اسکول کا عملہ ملبے تلے دب گیا۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں ایمبولینسز اور خصوصی امدادی گاڑیوں کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 17 بچوں کی لاشیں اسپتال لائی گئیں، جبکہ ایک خاتون ٹیچر بھی دم توڑ گئیں۔ ترجمان کے مطابق تمام بچوں کی عمریں 13 سال تک تھیں۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جہاں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

حادثے کے بعد پاک فوج کے جوان بھی دیگر ریسکیو اور امدادی اداروں کے ساتھ کارروائیوں میں شریک ہوگئے۔ امدادی ٹیمیں ملبے میں دبے بچوں اور اسکول کے دیگر عملے کو تلاش کرکے اسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کی موجودگی کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی، جبکہ اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

حادثے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں